چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج

لاہور ہائیکورٹ میں ایڈووکیٹ ناصر اقبال نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کو چیلنج کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ نجم سیٹھی کو پی سی بی آئین کیخلاف چیئرمین تعینات کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق درخواست گزار نے قانونی نقطہ اٹھایا کہ نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کی بطور بورڈ آف گورنر توسیع غیرقانونی دی گئی،پی سی بی کے سابق پیٹرن چیف نواز شریف نے نو جولائی کو چھ اگست سے بورڈ ممبرز کی نامزدگی کی، چھ اگست سے پہلے سابق چیئرمین شہریار خان کی مدت بھی مکمل نہیں ہوئی تھی۔

پی سی بی آئین کے مطابق چیئرمین موجود ہو تو اس کی مدت ختم ہونے سے پہلے بورڈ آف گورنرز کی نامزدگی نہیں کی جا سکتی جبکہ سابق پیٹرن نواز شریف جولائی میں بطور وزیر اعظم نااہل ہوگئے جس کے بعد نواز شریف کے مستقبل کیلئے جاری احکامات غیر مئوثر ہو گئے اور نجم سیٹھی اور عارف اعجاز کا چھ اگست کا بطور بورڈ آف گورنر نوٹیفکیشن بھی غیر مئوثر ہو گیا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت چھ اگست کے نوٹیفکیشن کو غیر مئوثر قرار دیکر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی تعیناتی کالعدم کرے۔