عوام نے مسلم لیگ نون کی سیاست کو مسترد کر دیا: فواد چودھری

(عثمان ظہیر): پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہاکہ عوام نے مسلم لیگ نون کی سیاست کو مسترد کر دیا، پندرہ سے بیس ہزار لوگوں کو سڑکوں پر لانے سے عدالتوں میں جرم ختم نہیں ہوتا۔

گارڈن ٹائون میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ہم لالہ موسی کے قریب جاں بحق ہونے والے بچے پر اظہار افسوس کرتے ہیں، کوئی بھی لیگی رہنما بچے کے جنازہ پر نہیں گیا۔

انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق اور کپٹن (ر) صفدر کے بیانات لواحقین کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے برابر ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ گذشتہ تین روز سے عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے کہ ہمارے خلاف سازش ہورہی ہے لیکن یہ نہیں بتاتے کہ سازش کون کر رہا ہے۔ نواز شریف کے خلاف سازش انکے اپنے بچوں نے کی ہے، ملک کی اعلی عدلیہ نے 134 دن مقدمہ سننے کے بعد دھوکہ دہی اور کرپشن کی بنیاد پر نواز شریف کو نااہل کیا۔

حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ ن لیگ کی ریلی ناکام ہوچکی ہے، نواز شریف کی ریلی میں مسلم لیگ ن کے لوگ کم جبکہ باجا پارٹی کے لوگ زیادہ شامل ہیں۔ پوری شریف فیملی آئندہ دنوں میں ضمانتیں کروا رہی ہو گی، ضمانتیں مسترد ہونے کی صورت میں انکا گھر اڈیالہ جیل ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختو نخوا پرویز خٹک کو عمران خان کا پولیٹیکل ایڈوائزر مقرر کر دیا گیا۔ تحریک انصاف نے اپنا پارلیمانی بورڈ بھی تشکیل دے دیا ہے پہلے فیز میں 61 حلقوں کو فائنل کرکے ٹکٹ تقسیم کیے جائیں گے۔