کیربئین لیگ میں قومی ہیرو شاداب خان پھر چھا گئے ،شاندار کارکردگی کی بدولت مسلسل دوسری فتح حاصل کر لی

پاکستان کے ابھرتے ہوئے نوجوان لیگ سپنر شاداب خان نے کیریبین پریمیئر لیگ میں ایک اور میچ وننگ کارکردگی پیش کردی، شاداب کی اس کارکردگی کی بدولت ٹرنباگونائٹ رائیڈرز نے سینٹ لوشیا اسٹارز کو 4 وکٹوں سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی ہے۔شاداب خان نے ناقابل شکست رہتے ہوئے نہ صرف 30 رنز بنائے بلکہ 4 اوورز میں 16 رنز کے عوض ایک وکٹ بھی لی، اس شاندار کارکردگی کی بدولت انہیں میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے لیگ کے چھٹے میچ میں سینٹ لوشیا کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 118 رنز بنائے۔آندرے فلیچر 40، ڈیرن سیمی 25 اور کامران اکمل 17 رنز بنا کر نمایاں رہےتاہم کیون کوپر نے 3 ڈوین براوو نے 2 جبکہ شاداب خان، سنیل نارائن اور پائری نے ایک، ایک وکٹ لی۔جواب میں ٹرنباگونائٹ رائیڈرز نے ہدف 16 ویں اوور میں 6 وکٹوں پر پورا کیا۔ شاداب خان نے 30 اور سیئر لیس نے 27 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی جبکہ شین شیلنگفورڈ نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔